امریکی صدر کا پاکستان کے لیے نئے سفیر کی نامزدگی کا اعلان، ناظم الامور نیٹلی بیکر کو سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: امریکی صدر نے پاکستان میں امریکہ کی نئی سفیر کے طور پر نیٹلی بیکر کو نامزد کر دیا ہے۔ نیٹلی بیکر اس وقت پاکستان میں امریکی سفارتخانے میں ناظم الامور کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کی بطور سفیر نامزدگی کو پاکستان اور امریکہ کے سفارتی تعلقات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نیٹلی بیکر نے جنوری 2025 میں اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانے میں بطور ناظم الامور اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ اس دوران وہ پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کی سربراہی کر رہی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں، باہمی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے امور دیکھ رہی ہیں۔
امریکی وائٹ ہاؤس کی جانب سے 9 نومبر 2026 کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیٹلی بیکر کی نامزدگی امریکی سینیٹ کو بھجوا دی گئی ہے۔ امریکی آئینی طریقہ کار کے تحت سینیٹ کی منظوری کے بعد ہی وہ باضابطہ طور پر پاکستان میں امریکی سفیر کا منصب سنبھال سکیں گی۔
نیٹلی بیکر کا سفارتی کیریئر
نیٹلی بیکر امریکی محکمہ خارجہ کی سینئر کیریئر ڈپلومیٹ ہیں اور انہیں بین الاقوامی سفارت کاری کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ پاکستان آنے سے قبل قطر میں امریکی سفارتخانے میں ڈپٹی چیف آف مشن کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ امریکی محکمہ خارجہ میں شمالی افریقی امور کے دفتر کی ڈائریکٹر، لیبیا میں امریکی سفارتی مشن کی ڈپٹی چیف اور ناظم الامور، دبئی میں ایران ریجنل پریزنس آفس کی ڈپٹی ڈائریکٹر اور کویت میں اقتصادی امور کی کونسلر بھی رہ چکی ہیں۔
نیٹلی بیکر نے 2009 سے 2011 تک لیبیا میں سیاسی و اقتصادی کونسلر کے طور پر بھی کام کیا۔ ان کے تعلیمی کوائف کے مطابق انہوں نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلر ڈگری جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ وہ امریکی نیشنل وار کالج کی 2017 کی ممتاز گریجویٹ بھی ہیں۔
پاکستان میں امریکی سفیر کی حیثیت سے ان کی نامزدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، معدنیات، توانائی، ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سینیٹ سے منظوری کے بعد نیٹلی بیکر کی بطور سفیر تقرری پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں آئندہ سفارتی رابطوں کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوگی۔