راولپنڈی: نجی ٹی وی کی پروگرام ہوسٹ ربیعہ احسن گھر میں قتل، شوہر احسن گرفتار، بیڈ روم سے لاش برآمد، گردن کے نیچے گولی لگی
راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد سیکٹر 2 میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں نجی ٹی وی کی پروگرام ہوسٹ اور اینکر پرسن ربیعہ احسن جاں بحق ہوگئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتولہ کو گولی لگنے سے موت واقع ہوئی، جبکہ واقعے کے شبہے میں ان کے شوہر احسن کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن کی عمر تقریباً 40 سال تھی اور وہ دو بیٹیوں کی ماں تھیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، جبکہ پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات میں شبہ ظاہر کیا گیا کہ فائرنگ مقتولہ کے شوہر کی جانب سے کی گئی، جس کے بعد پولیس نے انہیں تحویل میں لے لیا۔
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے گلشن آباد میں جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کا واقعہ پولیس کو رپورٹ ہوا ہے۔ مقتولہ کی لاش گھر کے بیڈ روم سے ملی، انہیں سامنے کی جانب گردن کے نیچے ایک گولی لگی تھی۔
سی پی او کے مطابق پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔
حسن مشتاق سکھیرا نے تصدیق کی کہ پولیس نے مقتولہ کے شوہر احسن کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور واقعے کی باقاعدہ ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
پولیس نے واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ قتل کے محرکات اور وقوعے کی اصل صورتحال تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔
راولپنڈی: 92 نیوز کی اینکر ربیعہ احسن گھر میں گولی لگنے سے جاں بحق، واقعے کی تحقیقات جاری
راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد، اڈیالہ روڈ پر 92 نیوز کی اینکر ربیعہ احسن گھر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس نے ان کے شوہر احسن کو حراست میں لے لیا ہے۔ مقتولہ کے بھائی نے شوہر پر قتل کا الزام عائد کیا ہے، تاہم واقعے کی اصل وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا بھی جائے وقوعہ پر موجود رہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سندھ ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا راولپنڈی میں خاتون اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل پر شدید اظہارِ مذمت، افسوس اور تشویش ، معاملے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں ✍️😶😥😡
سندھ ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن (SWJA) راولپنڈی میں نجی ٹی وی کی پروگرام ہوسٹ اور اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے اور اس المناک سانحے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ربیعہ احسن کو گھر کے بیڈ روم میں گولی مار کر قتل کیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کے بعد ان کے شوہر کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ایک خاتون صحافی کا اپنے ہی گھر میں اس طرح قتل ہونا نہایت افسوسناک اور تشویشناک ہے۔ ربیعہ احسن دو بیٹیوں کی ماں تھیں۔ ان کا قتل نہ صرف ایک خاندان کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے بلکہ خواتین کے تحفظ اور معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔سندھ ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور میرٹ پر مبنی تحقیقات کی جائیں، تمام شواہد کو محفوظ رکھتے ہوئے حقائق سامنے لائے جائیں اور اگر ملزم کے خلاف جرم ثابت ہو تو اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔ریاست اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ خواتین، بالخصوص صحافی خواتین کو تحفظ فراہم کریں اور گھروں سمیت ہر جگہ ان کے جان و وقار کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ربیعہ احسن کا قتل ایک بڑا سانحہ ہے۔ ہم سوگوار خاندان، ان کی دونوں بیٹیوں اور صحافتی برادری کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
سندھ ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن (SWJA)
#JournalismIsNotACrime #Rawalpindi #rabiahsan
#justice #JusticeMatters #RaiseYourVoice #JournalismMatters #Pakistan #facebookviral #womenempoweringwomen #stopkilling ✍️