اسلام آباد: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آذر نے گورنر خیبر پختونخواں فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں خطوں کے باہمی دلچسپی کے امور، گلگت بلتستان کے لیے فضائی سہولیات اور دیرینہ حدبندی کے مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گلگت بلتستان کے لیے فضائی سروس کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے ساؤتھ ایئر کی انتظامیہ کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ حکومتِ گلگت بلتستان کی ضمانت پر طیارے لیز پر حاصل کیے جائیں گے، جبکہ ساؤتھ ایئر مشترکہ منصوبے کے تحت پروازوں کا آپریشن انجام دے گی۔
وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان ٹیسٹنگ سروس کے سٹاف کو پشاور میں ٹیسٹنگ سروس کے شعبے میں تربیت فراہم کرنے کا معاملہ بھی گورنر خیبر پختونخوا کے سامنے اٹھایا۔ گورنر نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے عملے کو تربیت کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔
ملاقات میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے درمیان دیرینہ حدبندی کے مسائل کے حل پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ابتدائی طور پر یہ معاملات دونوں جانب کے چیف سیکریٹریز کی سطح پر زیرِ غور لائے جائیں گے، جس کے بعد انہیں سیاسی قیادت کی سطح پر آگے بڑھایا جائے گا، تاکہ دونوں خطوں کے مختلف علاقوں کے درمیان حدبندی سے متعلق مسائل باہمی افہام و تفہیم اور خوش اسلوبی سے حل کیے جا سکیں۔