افغانستان میں 1,226 واپس آنے والے خاندانوں کو رہائشی پلاٹ الاٹ
افغانستان کے چار صوبوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران وطن واپس آنے والے 1,226 خاندانوں کو مستقل رہائش فراہم کرنے کے لیے رہائشی پلاٹ الاٹ کیے گئے ہیں۔
افغان وزارت شہری ترقی و ہاؤسنگ کے مطابق مستقل آبادکاری اور اراضی کی تقسیم سے متعلق کمیٹی نے یہ پلاٹ تقسیم کیے۔ کمیٹی کی سربراہی وزارت شہری ترقی و ہاؤسنگ کر رہی ہے۔
وزارت کے مطابق صوبہ قندوز میں 736، پکتیا میں 370، فاریاب میں 100 جبکہ سمنگان میں 20 خاندانوں کو رہائشی پلاٹ فراہم کیے گئے۔
حالیہ تقسیم کے بعد افغانستان بھر میں وطن واپس آنے والے خاندانوں کو الاٹ کیے گئے رہائشی پلاٹوں کی مجموعی تعداد 75 ہزار 838 ہوگئی ہے۔
وزارت کے مطابق واپس آنے والے خاندانوں کو مستقل آبادکاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں رہائشی پلاٹوں کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔