وفاقی وزیر آبی وسائل، چیئرمین واپڈا کا دیامربھاشا ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ، منصوبوں پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا

وفاقی وزیر آبی وسائل، چیئرمین واپڈا کا دیامربھاشا ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ، منصوبوں پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا

وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید(ریٹائرڈ) کے ہمراہ دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اہم سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور دونوں منصوبوں پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر کو دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دونوں منصوبوں پر تعینات واپڈا کی ٹیموں، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کیلئے دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں کی بروقت اور مقررہ معیار کے مطابق تکمیل کیلئے تمام کوششیں عمل میں لائی جائیں۔

داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے دورے میں وفاقی وزیر آبی وسائل نے برسین کے مقام پر تعمیر کئے گئے پل کا افتتاح بھی کیا۔ یہ ساخت کے اعتبار سے آر سی سی آرچ برج ہے، اس کی لمبائی 225 میٹر ہے اور یہ متبادل شاہراہ قراقرم (آر کے کے ایچ ۔ ون ) کا حصہ ہے۔ آر کے کے ایچ ۔ ون 20.4 کلومیٹر طویل ہے اور اسے داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے تحت سی پیک کے معیار کے مطابق تعمیر کیا جارہا ہے۔ توقع ہے کہ آر کے کے ایچ ۔ ون، فروری 2027 میں ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی۔

پراجیکٹ مکمل ہونے پر دیامر بھاشا ڈیم میں مجموعی طور پر 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا اور 4 ہزار 500 میگاواٹ ماحول دوست اور کم لاگت سستی پن بجلی پیدا ہوگی۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ رن آف دی ریور منصوبہ ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے پر مجموعی طور پر 4 ہزار 320 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ داسو پراجیکٹ دو مراحل میں مکمل ہوگا اور ہر مرحلے کی پیداواری صلاحیت 2 ہزار 160 میگاواٹ ہے۔
###

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں