انگور اڈہ میں افغان فورسز کی مبینہ فائرنگ، ایک شہری جاں بحق، 5 زخمی؛ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں متعدد افغان چیک پوسٹیں تباہ
جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان رجیم کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک گھر پر گولہ گرنے سے جانی نقصان ہوا۔ واقعے کے بعد مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے فائرنگ کا فوری جواب دیا اور جوابی کارروائی کے دوران افغان فورسز کی متعدد چیک پوسٹیں تباہ کردی گئیں۔
ذرائع کے مطابق شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائی جاری ہے، جبکہ سرحد پر تعینات اہلکار کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے چوکس ہیں۔
نوٹ: جانی نقصان اور چیک پوسٹوں کی تباہی سے متعلق تفصیلات سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے ہیں۔