ایران، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا علاقائی امن و سلامتی کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

ایران، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا علاقائی امن و سلامتی کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

تہران: ایران، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے حوالے سے تہران میں چار ملکی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں ممالک نے باہمی تعاون بڑھانے اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق اجلاس کی میزبانی ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری جنرل محسن رضائی نے کی۔ اجلاس میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم کے سربراہ ابراہیم قالن نے شرکت کی۔

اجلاس میں علاقائی امن و سلامتی کو مضبوط بنانے اور چاروں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی مشاورت اور مذاکرات جاری رکھے جائیں گے۔

اس سے قبل پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وفود کے سربراہان نے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری جنرل محسن رضائی سے بھی ملاقات کی۔

بعد ازاں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ ایران کے دورے پر ہیں۔

صدر مسعود پزشکیان نے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر اسلامی ممالک دنیا کے سامنے انصاف اور ترقی کا ایک نمونہ پیش کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی تعاون کو گہرا کرنے، اختلافات کے حل اور اسلامی ممالک کی اجتماعی صلاحیتوں سے استفادے کے لیے اقدامات پر آمادہ ہے۔ ایران ایسے کسی بھی مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے جو اسلامی ممالک کے اتحاد، ہم آہنگی، سلامتی اور ترقی کو مضبوط بنانے میں معاون ہو۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق چار ملکی اجلاس 26 اکتوبر 2026 کو تہران میں منعقد ہوا، جسے خطے میں امن و سلامتی کے لیے چاروں ممالک کے درمیان مشاورت کے تسلسل کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں