شجاع آباد کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی
شجاع آباد: شیر شاہ کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی، متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں، جس کے نتیجے میں 4 مسافروں کے جاں بحق اور 30 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
حادثے کے بعد ٹرین کی بوگیوں میں متعدد مسافر پھنس گئے، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ جائے حادثہ پر ہر طرف چیخ و پکار اور خوف و ہراس کا سماں ہے۔
ریسکیو اہلکار زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں، جبکہ متعدد زخمیوں کو مزید علاج کے لیے نشتر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
نوٹ: ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد ابتدائی اطلاعات پر مبنی ہے، حتمی تعداد کی سرکاری تصدیق ضروری ہے۔