سہیل آفریدی کا کوہاٹ میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب، 8 اکتوبر سے ’’ٹی ٹوئنٹی میچ‘‘ شروع ہونے کا اعلان
کوہاٹ: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے تحصیل لاچی پہنچنے پر لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شاندار استقبال پر کوہاٹ کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ کوہاٹ کے لوگ کل کوہاٹ کا موسم مکمل تبدیل کردیں گے۔ کل سہ پہر 3 بجے یونیورسٹی چوک سے پشاور کی جانب سفر شروع ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ عمران خان کے سپاہی ہیں، پوری دنیا مل کر بھی ان کی قیمت نہیں لگا سکتی اور دنیا بھر کی طاقت اکٹھی ہوکر بھی انہیں ڈرا نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خود کو تھکانا نہیں، ہماری جدوجہد طویل ہے، 8 اکتوبر سے ٹی ٹوئنٹی میچ شروع ہوگا۔ انہوں نے کوہاٹ کے عوام پر زور دیا کہ جس طرح کوہاٹ کے لوگ نکلیں گے، کسی دوسرے ضلع کو ان سے آگے نکلنے کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پیغام دینا ہے کہ خیبرپختونخوا عمران خان کا ہے، عمران خان کا تھا اور عمران خان کا ہی رہے گا۔