



ہنگو میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ، 8 خوارج ہلاک، 2 افسران سمیت 6 اہلکار شہید
راولپنڈی: ہنگو ضلع میں 20 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں مؤثر جوابی کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے دو بہادر افسران نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے جوانمردی سے مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق، ساکن ضلع گوجرانوالہ، اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر، ساکن ضلع چکوال شامل ہیں۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں دونوں افسران کے ہمراہ چار جوانوں نے بھی وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں کی یہ قربانیاں ملک کے تحفظ اور سلامتی کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔