کوہاٹ پولیس لائنز مسجد دھماکہ: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، 8 دہشتگرد ہلاک، 23 شہداء اور 91 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا

کوہاٹ پولیس لائنز مسجد دھماکہ: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، 8 دہشتگرد ہلاک، 23 شہداء اور 91 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا

کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکے کے بعد دہشتگردوں کی دراندازی کے خلاف پولیس، کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا، کارروائی کے دوران تمام 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ اسپیشل برانچ کی عمارت سمیت اہم مقامات کو مکمل طور پر کلیئر کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کوہاٹ آپریشن میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا اور دہشتگردوں کے خلاف سرچ اینڈ کلیئرنس کارروائی مکمل کرلی گئی۔ ایلیٹ فورس کمانڈوز، سی ٹی ڈی ٹیموں اور سیکیورٹی فورسز نے آپریشن میں حصہ لیا اور عمارات کے اہم حصوں کو کلیئر کیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کے مطابق خودکش بمبار نے قانون کے رکھوالوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ آئی جی پولیس خود جائے وقوعہ پر موجود رہے اور آپریشن میں مصروف جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔

آپریشن کی قیادت ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور ڈی پی او کوہاٹ نے کی جبکہ جی او سی کوہاٹ بھی موقع پر موجود رہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے بعد دہشتگردوں کا خاتمہ کیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے انعامات دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور یہ جانباز جوان قوم کا فخر ہیں۔ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے گئے ہیں اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب ریسکیو 1122 کوہاٹ نے بھی دھماکے کے بعد جاری امدادی اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا۔ ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کوہاٹ نور الامین خٹک نے کی، جبکہ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیموں، ایمبولینسز اور دیگر وسائل نے کارروائی میں حصہ لیا۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق امدادی ٹیموں نے مجموعی طور پر 91 زخمیوں اور مریضوں کو مختلف ہسپتالوں منتقل کیا جبکہ 23 شہداء کے جسدِ خاکی بھی ہسپتال منتقل کیے گئے۔ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں 24 ایمبولینسز، ریسکیو وہیکلز اور ریکوری وہیکل سمیت 60 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔

کوہاٹ کے علاوہ کرک، ہنگو اور دیگر اضلاع سے بھی اضافی ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آپریشن مکمل ہونے کے بعد 15 شہداء کے جسدِ خاکی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ایمبولینسز کے ذریعے ان کے آبائی اضلاع کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں اور مردان منتقل کیے گئے۔

ریسکیو ترجمان نے مزید بتایا کہ دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے 7 افراد کو مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کیا گیا، جن میں 5 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال جبکہ 2 کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔

بلال احمد فیضی کے مطابق انتہائی مشکل، حساس اور خطرناک حالات کے باوجود ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے پیشہ ورانہ صلاحیت، فرض شناسی اور جذبۂ خدمت کے ساتھ سرچ، ریسکیو اور میڈیکل امداد کی کارروائیاں انجام دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں