حیات آباد قتل کیس میں اہم پیش رفت، پولیس کا دو مبینہ ملزمان کا سراغ لگانے کا دعویٰ
پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں ایم این اے نور عالم خان کے بھانجے اور ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا فہد خان کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واردات میں ملوث ہونے کے شبہے میں دو افراد کی شناخت کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ دونوں مشتبہ افراد کا ڈیٹا اور متعلقہ ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پشاور پولیس کے سربراہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو قتل میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری اور تفتیش تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ تفتیشی حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے کر دونوں مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں مشتبہ افراد کا سابقہ ریکارڈ بھی اکٹھا کر لیا ہے، جبکہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد حاصل ہونے والے شواہد اور معلومات کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے اور مبینہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تاہم تاحال کسی گرفتاری کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔