خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید

راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق 15 سے 17 ستمبر 2026 کے دوران خیبر پختونخوا میں مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 خوارج ہلاک کیے گئے، جبکہ کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز کے 6 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

دوسری جانب ضلع ہنگو میں ہونے والی ایک جھڑپ کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج کو ہلاک کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے قافلے کو دیسی ساختہ بم (IED) سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 6 جوان شہید ہوگئے۔

ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں