27 ستمبر کو 40 لاکھ لوگ اپنا مقدمہ لڑنے نکلیں گے، خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے: سہیل آفریدی

27 ستمبر کو 40 لاکھ لوگ اپنا مقدمہ لڑنے نکلیں گے، خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے: سہیل آفریدی

بونیر: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو 40 لاکھ لوگ اپنا مقدمہ لڑنے کے لیے نکلیں گے اور اس بار خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے، 27 ستمبر کو انقلاب ہوگا۔

بونیر کے سواڑی چوک میں اسٹریٹ موومنٹ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم 27 ستمبر کو نکلیں گے اور گولی اور بندوق سے نہیں ڈریں گے۔ حقیقی آزادی لینی ہے یا شہادت قبول کرنی ہے، ہمارے سامنے تیسرا کوئی راستہ نہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ تین ججز نے عمران خان کا ان کی بہن اور ذاتی معالج کی موجودگی میں شفا انٹرنیشنل اسپتال میں علاج کرانے کا حکم دیا، لیکن جعلی حکومت نے تین ججز کے حکم کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ یہ صرف تین ججز کی نہیں بلکہ پوری عدلیہ کی توہین ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ جعلی حکمرانوں کو آئین و قانون کا کوئی ڈر نہیں اور وہ خود کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ان حق پرست ججز کا ساتھ دینا ہے جو انصاف کرتے ہیں اور عوامی امنگوں پر پورا اترتے ہیں۔

عمران خان کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان عوامی طاقت سے باہر آئیں گے، وہ نوجوانوں کے لیڈر ہیں۔ جس طرح عمران خان قربانی دے رہے ہیں، اسی طرح ہم بھی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی انہیں اپنے مقصد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ کچھ لوگ کارکنوں کو ڈائیورٹ کرنے کی کوشش کریں گے، لیکن انہیں ڈائیورٹ نہیں ہونا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے اس شخص کا ساتھ دینا ہے جس نے بیرونی غلامی کے خلاف ’’ایبسلوٹلی ناٹ‘‘ کہا۔ عمران خان واحد لیڈر ہیں جو اس ملک کو بچا سکتے ہیں، معیشت بہتر کرسکتے ہیں اور پاکستان کو حقیقی خودمختاری دے سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان قومی یکجہتی کی ضمانت ہیں اور وہی اداروں کی عزت بحال کرا سکتے ہیں۔ عمران خان ہماری آئندہ نسلوں کے لیے قربانی دے رہے ہیں، اس لیے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان کے لیے نکلیں۔

دوہرے قانون کی مخالفت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایک ہی ملک میں طاقتور کے لیے الگ قانون اور کمزور کے لیے الگ قانون قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے حکمرانوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ’’چوروں اور لٹیروں نے پاکستان کے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران عوام کے خون پسینے کی کمائی کھا رہے ہیں اور ان کے مطابق 5300 ارب روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ موجودہ حکمران ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر رہے ہیں، ہم ہر اس فیصلے سے باغی ہیں جو عوام کے حق میں نہ ہو۔

بونیر کے عوام اور نوجوانوں کو خراج تحسین

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بونیر کے لوگوں نے ہمیشہ عمران خان سے محبت کی ہے۔ عمران خان نے بونیر کے لوگوں کو پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے قائم مقام چیئرمین کا عہدہ دیا۔

نوجوانوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں وہاں 90 فیصد سے زیادہ نوجوان نظر آتے ہیں۔ ہمارے نوجوان کاکروچ نہیں بلکہ علامہ اقبال کے شاہین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، انہیں ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اور مستقبل کے فیصلے کرنے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 27 ستمبر کی کال کے لیے تیار رہیں اور اپنے مقصد سے پیچھے نہ ہٹیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں