اسلام آباد میں بچوں کے جنسی استحصال اور آن لائن گرومنگ میں ملوث 4 رکنی گینگ گرفتار، کم عمر بچوں سے متعلق غیر قانونی مواد برآمد
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد نے بچوں کے استحصال اور آن لائن گرومنگ کے مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے چار رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق مقدمے کی تحقیقات کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے مقامی کم عمر بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد (CSAM) برآمد ہوا ہے۔
کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے اسلام آباد زون محمد شعیب خان کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شعیب خان کا کہنا ہے کہ بچوں کے استحصال اور آن لائن گرومنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ این سی سی آئی اے بچوں کے تحفظ اور سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے پُرعزم ہے۔