چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کی بگھی سواری، وزیراعظم کا سخت نوٹس

اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس کی بگھی میں چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کی سواری کے معاملے پر وزیراعظم نے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری افسران کو سادگی، وقار اور انکساری کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں موجود بگھی وزیراعظم کی ایک تقریب میں عدم شرکت کے باعث چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد نے استعمال کی اور دونوں افسران بگھی میں بیٹھ کر پریڈ اور یومِ آزادی کی تقریب دیکھتے رہے۔

واقعے پر وزیراعظم نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرکاری افسران عوام کے خادم ہیں، سرکاری عہدوں کو شان و شوکت، نمود و نمائش یا ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام سرکاری افسران کے لیے سخت ہدایت نامہ جاری کردیا، جس میں سرکاری تقریبات کے دوران پروٹوکول، نمود و نمائش اور ذاتی تشہیر کے رجحان کو فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ہدایت نامے میں افسران کو سرکاری تقریبات میں سادگی، وقار اور انکساری اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ سرکاری وسائل اور عہدوں کا استعمال عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ہونا چاہیے، نہ کہ ذاتی تشہیر یا غیر ضروری پروٹوکول کے لیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں