اسپانٹک چوٹی سر کرنے والی پاکستانی کوہ پیما اسماء مشتاق دورانِ واپسی جاں بحق
گلگت بلتستان: اسپانٹک کی 7,027 میٹر بلند چوٹی سر کرنے والی کوہ پیما اسماء مشتاق دورانِ واپسی تقریباً 6,400 میٹر کی بلندی پر شدید نوعیت کی بیماری کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئیں۔
کراکورم کالنگ ٹریکس کے مطابق اسماء مشتاق نے اسپانٹک چوٹی کامیابی سے سر کی اور اس وقت وہ صحت مند تھیں۔ ان کے ساتھ ماؤنٹین گائیڈ اکبر علی اور ایکسپڈیشن گائیڈ محمد امین موجود تھے۔
بیان کے مطابق چوٹی سے واپسی کے دوران تقریباً 6,400 میٹر کی بلندی پر اسماء مشتاق کو ہائی آلٹیٹیوڈ سِکنس سے متعلق ایک سنگین طبی صورتحال پیش آئی۔ ماؤنٹین گائیڈ اکبر علی اور ایک دوسرے گائیڈ نے فوری طور پر انہیں امداد فراہم کی اور انتہائی دشوار گزار حالات میں انہیں محفوظ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
کراکورم کالنگ ٹریکس نے مشکل ترین حالات میں کوہ پیما کے ساتھ رہنے اور اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن مدد فراہم کرنے والے ماؤنٹین گائیڈز کی خدمات اور حوصلے کو سراہا ہے۔
ادارے کے مطابق ضروری قانونی و انتظامی کارروائی اور دیگر انتظامات کے لیے متعلقہ حکام اور مرحومہ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
اسماء مشتاق کے انتقال پر کوہ پیمائی کی دنیا اور ان کے اہل خانہ، دوستوں اور عزیز و اقارب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
اِنّا لِلّٰهِ وَاِنّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔