ملک میں بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے قومی پاپولیشن کونسل قائم
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں تیزی سے بڑھتی آبادی پر مؤثر انداز میں قابو پانے اور آبادی سے متعلق پالیسیوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے قومی پاپولیشن کونسل قائم کر دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کونسل کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کونسل کے ارکان ہوں گے۔
قومی پاپولیشن کونسل آبادی میں اضافے کی شرح کم کرنے، خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت، وسائل کے مؤثر استعمال اور آبادی سے متعلق قومی پالیسی پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی۔ کونسل وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطہ بہتر بنانے اور اس شعبے میں مربوط حکمتِ عملی اختیار کرنے کے لیے بھی سفارشات مرتب کرے گی۔