پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی، عوام کو بڑی ریلیف نہ مل سکی
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 4 جولائی 2026 سے ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق پٹرول (موٹر اسپرٹ) کی قیمت میں 1 روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 299.50 روپے سے کم ہو کر 297.53 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 1 روپے 97 پیسے فی لیٹر کم کر کے 311.47 روپے سے 309.50 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ کئی روز سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا تھا اور پاکستان میں بھی عوام، ٹرانسپورٹرز اور صنعتی حلقے زیادہ ریلیف کی توقع کر رہے تھے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نسبتاً معمولی کمی سے عوام میں بے چینی اور اضطراب پایا جا رہا تھا۔ صارفین کا مؤقف ہے کہ عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث مہنگائی کے دباؤ میں خاطر خواہ کمی نہیں آ رہی۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ پٹرولیم قیمتوں کے تعین میں عالمی نرخوں کے ساتھ ساتھ ایکسچینج ریٹ، لیوی، ٹیکسز اور دیگر مالیاتی عوامل بھی مدنظر رکھے جاتے ہیں، تاہم عوامی حلقے اب بھی توقع رکھتے ہیں کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید کم رہیں تو آئندہ جائزے میں زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔