*منظور حسین وسان نے سابق ایڈیشنل آئی جی غلام شبیر شیخ کو 50 کروڑ روپے کا قانونی نوٹس بھیج دیا*
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، سندھ کے سینئر پارلیمنٹرین اور سابق صوبائی وزیرِ داخلہ منظور حسین وسان نے سابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (AIGP) سندھ پولیس غلام شبیر شیخ کو ہتکِ عزت اور کردار کشی پر 50 کروڑ روپے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔ یہ نوٹس بیرسٹر مصطفیٰ مہیسر کے چیمبرز کے ذریعے ارسال کیا گیا ہے، جس میں غلام شبیر شیخ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ منظور حسین وسان سے اپنے بیانات پر غیر مشروط معافی مانگیں اور کردار کشی کے عوض 50 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ منظور حسین وسان کا پچھلی نصف صدی سے سندھ خصوصاً خیرپور کی عوام کے لیے بے داغ اور بے لوث سیاسی ریکارڈ ہے، اور انہوں نے ضیاء الحق کی آمریت کے خلاف ایم آر ڈی تحریک میں خیرپور، سکھر اور مچھ جیل میں قید و بند کی سخت صعوبتیں کاٹیں۔ قانون دان بیرسٹر مصطفیٰ مہیسر کے مطابق اگر مقررہ وقت میں معافی نہ مانگی گئی تو مروجہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں