پنجاب کو خیبرپختونخوا سے نہیں، دہشت گردی کے خلاف ہمارے جوانوں کی قربانیوں کو سمجھنا چاہیے، فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے یہ کہنا کہ خیبرپختونخوا سے پنجاب کو خطرہ ہے، ایک بے بنیاد بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا جان شیر خان جیسے عظیم ناموں اور باصلاحیت لوگوں کی سرزمین ہے اور یہ صوبہ پورے ملک کی ترقی اور معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وائس آف کے پی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبہ ملک کو سستی بجلی، گیس اور دیگر وسائل فراہم کرتا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے پختونوں نے فاٹا اور سرحدی علاقوں میں ملک کے دفاع کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ افغانستان سے آنے والی دہشت گردی کے خلاف اگر ہماری فورسز اور جوان دیوار نہ بنیں تو اس کے اثرات پنجاب اور دیگر صوبوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ ہمارے جوان جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود خیبرپختونخوا کو خطرہ قرار دینا افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ پختون کاروبار سے وابستہ ہیں، جبکہ کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے میدانوں میں بھی خیبرپختونخوا کے نوجوان ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب خیبرپختونخوا کے پانی اور وسائل سے بھی بھرپور استفادہ کر رہا ہے اور صوبہ ملک کو سب سے زیادہ وسائل فراہم کرنے والوں میں شامل ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے وائس آف کے پی تقریب کے حوالے سے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کا ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی سرزمین نے ہمیشہ ثقافت اور تہذیب کے فروغ کے لیے آواز بلند کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی خطے کا مثبت تشخص صرف سرکاری اقدامات سے نہیں بنتا بلکہ نوجوانوں، فنکاروں اور باصلاحیت افراد کو آگے لانے سے صوبے کا حقیقی اور مثبت چہرہ دنیا کے سامنے آتا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ وائس آف کے پی سے ایسے نوجوان سامنے آئیں جو دنیا بھر میں خیبرپختونخوا اور پاکستان کا نام روشن کریں۔ آج کی آواز صرف کسی فرد کی پہچان نہیں بلکہ پورے صوبے کی آواز بنے گی، جبکہ اس پروگرام سے صوبے کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور خیبرپختونخوا کے مثبت سافٹ امیج کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں