نجی سیکیورٹی کمپنی کی گاڑیوں میں سگریٹ سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب

*نجی سیکیورٹی کمپنی کی گاڑیوں میں سگریٹ سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب*

کراچی: کیماڑی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر سیکیورٹی کمپنی کی گاڑی کے ذریعے ہونے والی سگریٹ اسمگلنگ کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مستنگ سیکیورٹی کمپنی کی گاڑی سے بڑی مقدار میں غیر ملکی اسمگل شدہ سگریٹ اور ایک کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق مستنگ سیکیورٹی کمپنی کے ذمے بلوچستان سے سندھ تک کیش ٹرانسفر کرنے کا کام تھا، تاہم سیکورٹی کمپنی کی گاڑی کے ذریعے غیر ملکی سگریٹ بھی کراچی اسمگل کیے جا رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کافی عرصے سے سیکیورٹی کمپنیوں کی گاڑیوں کے ذریعے ملک بھر میں سگریٹ اسمگلنگ کیے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ضبط کیے گئے سگریٹ “میلانو” برانڈ کے ہیں، جو مبینہ طور پر دبئی میں قائم گلبہار ٹوبیکو کمپنی تیار کرتی ہے۔ ذرائع کے مطابق گلبہار ٹوبیکو کمپنی افغانستان کی ایک معروف کاروباری فیملی کی ملکیت ہے۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والا سامان بلوچستان کے علاقے حب سے کراچی منتقل کیا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران مستنگ سیکیورٹی کمپنی کے ڈرائیور، سپروائزر اور دو سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ میں مبینہ ملوث ہونے کے باعث مستنگ سیکیورٹی کمپنی کا لائسنس بھی منسوخ کیے جانے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں