پشاور رنگ روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 200 سے زائد دکانیں اور غیر قانونی تعمیرات مسمار

پشاور رنگ روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 200 سے زائد دکانیں اور غیر قانونی تعمیرات مسمار

پشاور: رنگ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کا گرینڈ آپریشن جاری ہے، جس کے دوران اب تک 200 سے زائد دکانوں، مارکیٹوں اور دیگر تجاوزات کو مسمار کیا جا چکا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی موجودگی میں جمیل چوک، پیر زکوڑی فلائی اوور اور پشتخرہ چوک سمیت مختلف مقامات پر کارروائیاں کی گئیں۔ آپریشن کے دوران بھاری مشینری استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات اور سڑک کی حدود میں قائم تجاوزات کو ہٹایا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر کے مطابق آپریشن کا مقصد ٹریفک کی روانی بہتر بنانا، سڑکوں کی اصل حدود بحال کرنا اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ رنگ روڈ اور ملحقہ علاقوں سے تجاوزات کے مکمل خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد دوبارہ غیر قانونی تعمیرات برداشت نہیں کی جائیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے ساتھ شہریوں کی آمدورفت کو بھی آسان بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں