خواتین سے بدتمیزی ناقابل قبول، صرف نوکری سے نکالنا کافی نہیں، ملازم کو خاتون کے گھر لے جا کر سب کے سامنے معافی منگوائی جائے، مریم نواز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گرین الیکٹرو بس میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ محض ملازمت سے فارغ کرنا کافی نہیں، ایسے ملازمین کو عوام کو دھکے دینے کے لیے بھرتی نہیں کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ خاتون سے بدتمیزی کرنے والے ملازم کو پکڑ کر متاثرہ خاتون کے گھر لے جایا جائے اور سب کے سامنے معافی منگوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فوری طور پر ڈی پی او سے بات کریں گی۔ وزیراعلیٰ نے ڈی آئی جی فیصل کامران کو بھی ضروری ہدایات جاری کر دیں۔
دوسری جانب واقعے میں ملوث ملازم علی رضوان کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ افسران سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے کہا کہ خواتین کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی وزیراعلیٰ پنجاب کی ریڈ لائن ہے اور ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس واقعے پر صحافی علی رضا صحاف نے اپنے ایکس پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین، خصوصاً ورکنگ ویمن اور طالبات کے ساتھ عوامی مقامات پر ایسا سلوک کرنے والوں کے خلاف صرف ملازمت سے برطرفی کافی نہیں بلکہ ایسی کارروائی ہونی چاہیے جو آئندہ کسی کو اس طرح کی حرکت کرنے سے روکے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں لینے والے ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں، بالخصوص خواتین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں۔