اٹک: سات ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر گھر میں فاقے، بیوی نے خلع دائر کی، شوہر نے مبینہ طور پر بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی

اٹک کے علاقے رنگو میں مالی مشکلات اور گھریلو تنازعات کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر بیوی کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کرنے کے بعد شوہر نے بجلی کا کرنٹ لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ رنگو کے گاؤں ملاح محلہ غربی کے رہائشی 45 سالہ محمد مشتاق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک میں نجی کمپنی کے تحت صفائی کا کام کرتے تھے، تاہم مبینہ طور پر انہیں گزشتہ سات ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھی، جس کے باعث گھر میں شدید مالی مشکلات پیدا ہوگئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق فاقوں اور گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر محمد مشتاق کی 40 سالہ اہلیہ عائشہ بی بی نے عدالت میں خلع کی درخواست دائر کردی تھی۔ الزام ہے کہ اس پر محمد مشتاق نے اپنی اہلیہ کے گلے میں پھندا ڈال کر انہیں قتل کردیا اور بعدازاں خود کو بجلی کا کرنٹ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

محمد مشتاق اور عائشہ بی بی کے دو بیٹے ہیں۔ 18 سالہ نعمان اٹک کے لنڈا بازار میں واقع ہینڈسم باکس ہیئر ڈریسر پر حجام کا کام کرتا ہے، جبکہ 11 سالہ رمیض اٹک شہر کے ایک مدرسے میں حفظِ قرآن کی تعلیم حاصل کررہا ہے۔

متوفین کے بیٹے نعمان کے مطابق والدین کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے اور ان کی والدہ کئی مرتبہ طلاق کا مطالبہ بھی کرچکی تھیں۔ گھریلو تنازعات سے تنگ آکر والدہ نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت درج کرلیا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش انچارج ایچ آئی یو سرکل حضرو، سب انسپکٹر علی عمران کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں