چینی شینگ تانگ گروپ کی پاکستان میں 10 ملین ڈالر سرمایہ کاری میں دلچسپی، الیکٹرک وہیکلز سمیت اہم شعبوں میں تعاون پر غور

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی سرمایہ کاری دوست پالیسی کے تحت چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے صنعتی، توانائی اور الیکٹرک وہیکلز سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ چین کے شینگ تانگ گروپ کے وفد نے پاکستان میں 10 ملین امریکی ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

وزارتِ صنعت و پیداوار کے مطابق چینی وفد نے وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، صنعتی ترقی اور مختلف شعبوں میں ممکنہ تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

چینی وفد نے صنعتی ترقی، انفراسٹرکچر، سیاحت، الیکٹرک وہیکلز، ریلوے، توانائی اور شہری ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق چین کے ساتھ اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ چینی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں، کاروباری ماحول بہتر بنایا جائے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار دوست ریگولیٹری اصلاحات متعارف کرا رہی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کو زمین لیز پر فراہم کرنے کا ماڈل بھی صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم سہولت ہے۔

ہارون اختر خان نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود صنعتی اور معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی قابلِ اعتماد حیثیت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔

پاکستان اور چین کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے مشیر صنعت و پیداوار نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات خون سے بھی زیادہ گہرے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان متعدد مشترکہ منصوبوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں، جن میں سے تقریباً 40 فیصد منصوبے عمل درآمد کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے مزید سرمایہ کاری سے پاکستان میں صنعتی وسعت، معاشی سرگرمیوں میں اضافے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

ہارون اختر خان نے الیکٹرک وہیکلز کے شعبے کو سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور ملکی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے چینی وفد کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ملاقات میں ایڈیشنل سیکریٹری ہمیرا ضیا مفتی، جوائنٹ سیکریٹری فریدون اکرم شیخ اور جوائنٹ سیکریٹری عامر عقیق بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں