پاکستان اور برازیل کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، برازیلی مسلح افواج کے سربراہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں ملاقات

پاکستان اور برازیل کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، برازیلی مسلح افواج کے سربراہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں ملاقات

راولپنڈی: برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر برازیلی وفد کے سربراہ کو پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے دستے پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عسکری سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ برازیلی وفد کے سربراہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے اس کی خدمات کا اعتراف کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق برازیلی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو گہرا کرنے اور دوطرفہ عسکری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں