پاکستان کے مسائل کا حل افغانستان پر الزام تراشی نہیں، تعمیری اقدامات کیے جائیں، ذبیح اللہ مجاہد
کابل: اسلامی امارت افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان کی داخلی ناکامیوں کا ذمہ دار افغانستان کو ٹھہرانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، پاکستان کو اپنے سیاسی، سیکیورٹی، سماجی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعمیری اقدامات کرنا ہوں گے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے آج جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے اندرونی مسائل تشویش ناک ہیں اور ان کے منفی اثرات پورے خطے پر مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان پر بے بنیاد الزامات، مذاکراتی عمل میں رکاوٹیں اور مسائل کے حل کے بجائے پروپیگنڈے پر توجہ دینا ایک ناکام پالیسی ہے۔
افغان ترجمان نے زور دیا کہ پاکستان کو اپنے داخلی مسائل حل کرنے کے لیے مثبت اور تعمیری اقدامات کرنے چاہییں، جبکہ اپنے سیاست دانوں اور عوام کی آرا اور حقوق کا احترام بھی کرنا چاہیے۔