گوجرانوالہ(:کرائم رپورٹر ) لدھے والا وڑائچ میں 984 مبینہ بوگس انتقالات، چار تحصیلداروں سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ
گوجرانوالہ کے موضع لدھے والا وڑائچ میں مبینہ طور پر بوگس رجسٹریوں کی بنیاد پر 984 انتقالات درج کرنے اور سرکاری خزانے کو تقریباً ساڑھے 11 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے چار تحصیلداروں سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ریجن رانا شبیر اشرف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ریجن امجد شہزاد کی ہدایات پر جولائی 2024 سے اب تک کے ریکارڈ کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔
مقدمہ نمبر 23/26 تھانہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ میں سرفراز احمد چیمہ، ارشد دولو، امتیاز ساہی اور الطاف حسین تارڑ، چاروں تحصیلدار، نائب تحصیلدار کیپٹن نسیم، ڈی سی آفس گوجرانوالہ کے پرووش ایچ آر سی، منظور احمد واسلباقی، پٹواری مصطفیٰ مان، پٹواری بلال بٹ، وثیقہ نویس فیصل بھٹی اور وثیقہ نویس امانت بھٹی کو نامزد کیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق مذکورہ افراد کے خلاف مبینہ بوگس رجسٹریوں کی بنیاد پر 984 انتقالات درج کرنے، جعل سازی، دھوکہ دہی اور سرکاری خزانے کو مالی نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ریکارڈ و شواہد کی روشنی میں دیگر ذمہ داران کا بھی تعین کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ امجد شہزاد کے مطابق سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔