گجرات میں جائیداد کے تنازع پر سگے بھائی کے قتل کا انکشاف، بڑا بھائی گرفتار

گجرات میں جائیداد کے تنازع پر سگے بھائی کے قتل کا انکشاف، بڑا بھائی گرفتار

گجرات میں وراثتی جائیداد کے تنازع پر 24 سالہ سفیان کے قتل کا معمہ حل ہوگیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق مقتول کے بڑے بھائی بلال نے دورانِ تفتیش قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق بلال سعودی عرب سے پاکستان آیا اور اپنے چھوٹے بھائی سفیان کو سرپرائز دینے کے بہانے گجرات بلایا۔ دونوں بھائیوں نے اکٹھے کھانا کھایا اور بعد ازاں گھر واپسی کے لیے روانہ ہوئے، تاہم اسی دوران سفیان کو قتل کر دیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر چھری کے وار کرکے اپنے بھائی کو قتل کیا اور واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کے لیے مقتول کا موبائل فون اور موٹرسائیکل بھی غائب کر دیے۔

حیران کن طور پر ملزم بھائی کے جنازے میں بھی شریک ہوا اور خود کو واقعے سے لاعلم ظاہر کرتا رہا۔ گجرات پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تفتیش آگے بڑھاتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

مقتول کے والد کے مطابق دونوں بیٹوں کے درمیان وراثتی جائیداد کی تقسیم پر اختلافات تھے۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

جائیداد کے تنازع نے ایک خاندان کو ناقابلِ تلافی صدمے سے دوچار کر دیا۔ وراثت کی تقسیم پر اختلافات کا انجام ایک بھائی کی موت اور دوسرے کی گرفتاری کی صورت میں سامنے آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں