9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس: تیمور سلیم جھگڑا کی عبوری ضمانت میں 6 اکتوبر تک توسیع، تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش
پشاور: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کی عبوری ضمانت میں 6 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد نے کی، جس میں تیمور سلیم جھگڑا اپنے وکیل علی گوہر درانی ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت تفتیشی افسر خوشحال خان عدالت میں پیش ہوئے اور کیس سے متعلق پیش رفت رپورٹ جمع کرائی۔ تفتیشی افسر نے چالان رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ تیمور سلیم جھگڑا نے انکوائری جوائن نہیں کی۔
تیمور سلیم جھگڑا کے وکیل علی زمان ایڈووکیٹ نے عدالت سے طویل تاریخ دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دیگر کیسز بھی ہیں، اس لیے کچھ وقت دیا جائے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب تیمور سلیم جھگڑا کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران ان کے وکیل علی گوہر درانی نے مؤقف اختیار کیا کہ پیش رفت رپورٹ میں ان کے موکل کو نامزد کیا گیا ہے اور وہ تفتیش جوائن کر رہے ہیں۔
عدالت نے عبوری ضمانت میں 6 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔