ڈیرہ اسماعیل خان: درازندہ میں امن میلہ چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش حملہ، 11 افراد شہید، 30 سے زائد زخمی، ذرائع

ڈیرہ اسماعیل خان: درازندہ میں امن میلہ چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش حملہ، 11 افراد شہید، 30 سے زائد زخمی، ذرائع

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں ڈی آئی خان۔کوئٹہ روڈ پر واقع انسدادِ اسمگلنگ امن میلہ پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش حملے کے نتیجے میں 11 افراد کی شہادت اور 30 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق بارود سے بھری گاڑی (وی بی آئی ای ڈی) پولیس، کسٹمز، ایکسائز اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ چیک پوسٹ سے ٹکرا دی گئی، جس کے نتیجے میں شدید دھماکا ہوا اور چیک پوسٹ کو بھاری نقصان پہنچا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہداء میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک دو سالہ بچہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں پولیس اہلکار، کسٹمز حکام اور عام شہری بھی شامل ہیں۔

زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، جبکہ ڈی آئی خان۔کوئٹہ شاہراہ پر ٹریفک روک دی گئی۔

ذرائع نے حملے کو انسدادِ اسمگلنگ کارروائیوں میں مصروف اداروں کو نشانہ بنانے کا واقعہ قرار دیتے ہوئے اسمگلروں اور دہشت گرد عناصر کے مبینہ گٹھ جوڑ کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس اور شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ تاہم حملے اور جانی نقصان سے متعلق تفصیلات سرکاری تصدیق اور حکام کے باضابطہ بیان سے مشروط ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں