کراچی: رینجرز اور ایس آئی یو پولیس کی مشترکہ کارروائی، بھتہ خور گروہ کا ملزم گرفتار

کراچی: رینجرز اور ایس آئی یو پولیس کی مشترکہ کارروائی، بھتہ خور گروہ کا ملزم گرفتار

کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے عزیز آباد کے علاقے بھنگوریہ گوٹھ سے مبینہ بھتہ خور گروہ کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت مسلم غلام ولد غلام محمد کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق مبینہ طور پر بھتہ وصولی میں ملوث ’’احمد علی مگسی گروہ‘‘ سے ہے۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ملزم پی آئی بی کالونی میں منشیات فروشی، بھتہ وصولی اور بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم اپنے ساتھی سلمان شوٹر اور دیگر افراد کے ہمراہ پی آئی بی کالونی میں کاروباری افراد جبکہ لیاقت آباد میں گتہ فیکٹریوں سے مبینہ طور پر بھتہ وصول کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم بھتہ نہ دینے پر بھنگوریہ گوٹھ میں ایک فیکٹری کے باہر خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ہوائی فائرنگ میں بھی ملوث رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کا ساتھی سلمان شوٹر اس سے قبل رینجرز اور ایس آئی یو پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔ ساتھی کی گرفتاری کے بعد مسلم غلام گرفتاری کے خوف سے روپوش ہوکر بلوچستان چلا گیا تھا، تاہم کچھ عرصہ قبل واپس آکر مبینہ طور پر دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔

سندھ رینجرز اور پولیس کی جانب سے گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

گرفتار ملزم کو اسلحہ و ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے ایس آئی یو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دیں۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے شہری کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں