محمود خان اچکزئی: عمران خان نہیں ٹوٹے، ہمارا احتجاج پرامن ہوگا
اسلام آباد: قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ایسے مواقع کو ضائع کرنا ملک سے غداری کے مترادف ہے۔ کوئی مانے یا نہ مانے، پاکستان کی مقبول ترین جماعت عمران خان کی ہے اور وہ اس وقت ضمیر کے قیدی ہیں جو اپنے اصولوں پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عمران خان ٹوٹے نہیں، انہوں نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ محمد مرسی جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور انہیں قیدِ تنہائی میں رکھ کر اذیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی ذاتی مخاصمت نہیں، نہ کسی فوجی سے، نہ شہباز شریف سے اور نہ ہی نواز شریف سے۔ ہمارا اختلاف صرف ان قوتوں سے ہے جو پاکستان میں آئین کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کو تسلیم نہیں کرتیں اور غریب عوام کے لیے روٹی پانی کا بندوبست نہیں کرتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس کے خلاف نہ گالیاں دیں گے اور نہ پتھر اٹھائیں گے، ہمارا احتجاج پرامن ہوگا جس میں جلسے اور جلوس نکالے جائیں گے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کل کے واقعے کے حوالے سے تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت یہاں موجود ہے جو مزید تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔ تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان اور تمام اتحادی جماعتیں تحریک انصاف کے ساتھ سو فیصد یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہیں، ہم سب ایک پیج پر ہیں۔