بلاول بھٹو زرداری نے قوم پرستوں سے متعلق بیان پر معذرت کرلی

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں قوم پرستوں سے متعلق الفاظ کے غلط انتخاب پر معذرت کرلی۔

بلاول بھٹو زرداری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں سمجھتا ہوں کہ کل جو لفظوں کا غلط چناؤ ہوا تھا، اس پر معذرت چاہتا ہوں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ان قوم پرستوں کو قرار دینا نہیں تھا جو سیاسی یا جمہوری جدوجہد کر رہے ہیں، بلکہ ان علیحدگی پسند گروہوں کی بات کی جا رہی تھی جو تشدد کا راستہ اختیار کر رہے ہیں اور دہشت گردی میں ملوث ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی ہو یا ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کے واقعات، ماضی میں ٹی ٹی پی اور علیحدگی پسند گروہ حملے کرتے رہے ہیں۔ اب ان تنظیموں کے درمیان گٹھ جوڑ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تنظیموں کے سہولت کار ہمارے پڑوسی ممالک ہوتے ہیں، گزشتہ روز پریس کانفرنس میں انہوں نے اسی تناظر میں ان کا ذکر کیا تھا۔

گزشتہ روز صحافی نے بلاول بھٹو سے سوال کیا تھا کہ ’’آپ نے کہا کہ بی ایل اے، سندھ قوم پرست اور ٹی ٹی پی مل کر پاکستان کے خلاف کام کر رہے ہیں، کیا آپ قوم پرست قوموں کو ملک کے خلاف سمجھ رہے ہیں؟‘‘

بلاول بھٹو زرداری نے آج کی وضاحت میں واضح کیا کہ ان کی مراد ہر قوم پرست یا سیاسی گروہ نہیں بلکہ تشدد اور دہشت گردی کا راستہ اختیار کرنے والے علیحدگی پسند گروہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں