شاہد میتلا کی گرفتاری اور کوئٹہ منتقلی، صحافیوں میں تشویش — سابق نگران وزیراعظم کی شکایت پر مقدمہ
اسلام آباد سے سینئر صحافی اور ٹی وی اینکر شاہد میتلا کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے گرفتار کر لیا۔ شاہد میتلا کی گرفتاری سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی شکایت پر کوئٹہ میں درج مقدمے کے سلسلے میں عمل میں آئی، جبکہ عدالت نے ان کا ٹرانزٹ ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
این سی سی آئی اے حکام شاہد میتلا کو ٹرانزٹ ریمانڈ پر بلوچستان لے کر روانہ ہو گئے ہیں۔ گرفتاری کے بعد مقدمے کے مقام اور کارروائی کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، کیونکہ شاہد میتلا کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا جبکہ مقدمہ کوئٹہ میں درج ہے۔
شاہد میتلا کی اہلیہ ندا شاہد کے مطابق، ان کے شوہر اور انوار الحق کاکڑ کے درمیان ایک ٹویٹ کے حوالے سے تنازع چل رہا تھا۔ کاکڑ کی جانب سے قانونی نوٹس بھی بھجوایا گیا تھا، جس میں ٹویٹ کا جواب دینے یا معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ندا شاہد کے مطابق شاہد میتلا نے نہ معافی مانگنے اور نہ ہی ٹویٹ حذف کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ وہ اس معاملے میں عدالتوں میں پیش بھی ہوتے رہے۔
اہلیہ کے مطابق شاہد میتلا کو گزشتہ روز رات اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس سے گرفتار کیا گیا۔ وہ ایک دوست کے ساتھ ریسٹورنٹ میں موجود تھے جہاں تین یونیفارم میں ملبوس اہلکار اور ایک سادہ لباس شخصی آئے، موبائل فون جمع کروانے کا کہا اور انہیں گاڑی میں بٹھا کر ساتھ لے گئے۔ شاہد میتلا نے اپنا فون دوست کے حوالے کیا تاکہ گھر والوں کو اطلاع دی جا سکے۔
ندا شاہد کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد سے ان کا شوہر سے رابطہ نہیں ہو سکا اور نہ ہی کسی سرکاری ادارے نے انہیں باضابطہ اطلاع دی۔ انہیں مقدمے کی ایف آئی آر بھی فراہم نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق عدالت میں بتایا گیا کہ مقدمہ کوئٹہ میں درج ہے اور شاہد میتلا کو وہاں منتقل کیا جا سکتا ہے۔
سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گرفتاری کے معاملے پر حکومتی مداخلت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی ان کی شکایت پر ہوئی۔ ان کا مؤقف ہے کہ وہ اپنی ساکھ کا دفاع کریں گے اور آزادیٔ صحافت کسی کو غلط بیانی یا جھوٹ کا حق نہیں دیتی۔ انہوں نے صحافیوں کو پیشہ ورانہ اخلاقیات کی پاسداری کی یاد دہانی بھی کرائی۔
دوسری جانب سینئر صحافی مطیع اللہ جان نے شاہد میتلا کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور اسے آزادیٔ صحافت کے لیے تشویش ناک معاملہ قرار دیا۔ انہوں نے حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا۔
شاہد میتلا تقریباً دو دہائیوں سے صحافت سے وابستہ ہیں اور نیوز ون، پاکستان ٹیلی وژن نیوز، اے آر وائی نیوز اور بول سمیت مختلف اداروں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے اپنا ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم ’’بلوم پاکستان‘‘ بھی قائم کیا ہے۔
صحافی کی گرفتاری، کوئٹہ میں مقدمے کے اندراج اور ٹرانزٹ ریمانڈ پر بلوچستان منتقلی کے معاملے نے صحافتی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے اور آزادیٔ اظہار، صحافیوں کے تحفظ اور مقدمات کے اندراج کے طریقہ کار پر بحث شروع ہو گئی ہے۔