اٹک میں بازاروں کی بندش پر تاجروں کا احتجاج، 5 ستمبر تک گیٹ کھولنے کا مطالبہ

اٹک میں بازاروں کی بندش پر تاجروں کا احتجاج، 5 ستمبر تک گیٹ کھولنے کا مطالبہ

اٹک مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف میجر طاہر صادق نے ڈپٹی کمشنر اٹک کی ہدایت پر تزئین و آرائش کے نام پر بازاروں کی بندش کے خلاف سول بازار اٹک کا دورہ کیا اور ریڑھی بانوں، تاجروں، انجمن تاجران کے عہدیداران اور تجارت سے وابستہ افراد سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر تاجروں اور ریڑھی بانوں نے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

میجر طاہر صادق نے کہا کہ مبینہ طور پر پونے دو ارب روپے کی لاگت سے تزئین و آرائش کے نام پر پلیڈر لائن، فوارہ چوک سمیت اٹک کے کئی بازاروں کو گیٹ لگا کر بند کر دیا گیا ہے، جس سے بے روزگار ریڑھی بانوں، تاجروں اور کاروبار سے وابستہ افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل بڑھتی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے کاروبار تباہ کر دیے ہیں اور عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہو چکا ہے۔ تاجروں کو مزید مشکلات میں ڈالنے کے بجائے فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ معیشت تاجروں اور عوام کو کچل کر نہیں بلکہ انہیں سہارا دے کر مستحکم ہوتی ہے۔

میجر طاہر صادق نے مطالبہ کیا کہ تاجروں کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے، جس میں غریبوں کی آواز بلند کرنے والے چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 5 ستمبر تک بازاروں کے گیٹ کھولے جائیں، بصورت دیگر تاجر اپنا آئینی و قانونی حق استعمال کرتے ہوئے شٹر ڈاؤن ہڑتال پر مجبور ہوں گے۔

میجر طاہر صادق کی آمد پر ریڑھی بانوں، تاجروں اور کاروباری طبقے سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے پھولوں کے ہار پہنائے، گلدستے پیش کیے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کا شاندار استقبال کیا۔

اس موقع پر رہنما میجر گروپ محمد جمیل خان لاہوری، صدر ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن اٹک ملک ظہیر احمد، تاجر رہنما شیخ عبدالحمید، عبدالوہاب خان، ملک عامر نواز شکردرہ، عہدیداران ریڑھی بان ایسوسی ایشن اٹک سمیت تاجروں اور تجارت سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔

میجر طاہر صادق نے مزید کہا کہ اٹک سمیت پورے پاکستان کے عوام نے اپنا مینڈیٹ عمران خان کو دیا تھا۔ جب تک عوام کے فیصلے اور مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ان کے منتخب نمائندوں کو حکومت کرنے کا حق نہیں دیا جائے گا، ملک کو درپیش معاشی اور عوامی مسائل کا پائیدار حل ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کا واضح وژن، صلاحیت اور عوام کا اعتماد موجود ہے۔ ان شاء اللہ عمران خان جلد عوام کے مینڈیٹ کے مطابق ملک کی باگ ڈور سنبھال کر مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں