اٹک: ستار چوک میں فائرنگ، 19 سالہ نوجوان جاں بحق، ملزمان فرار
اٹک کے گنجان آباد تجارتی مرکز ستار چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، جبکہ فائرنگ میں ملوث ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے علاقے میں ناکہ بندی کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق ستار چوک کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 19 سالہ عزیر ولد رحمان ولی کو نشانہ بنایا۔ گولی چہرے پر لگنے کے باعث نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے پولیس کی جانب سے ضروری قانونی کارروائی مکمل کیے جانے کے بعد متوفی کی لاش ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کردی، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ اٹک سٹی سجاد حیدر، انچارج ایچ آئی یو، فرانزک ماہرین اور دیگر پولیس اہلکاروں نے جائے وقوعہ اور مقتول کے گھر کا دورہ کیا اور مختلف شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ عینی شاہدین اور اہل خانہ کے بیانات بھی قلمبند کیے۔
دوسری جانب ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ گنجان آباد تجارتی مرکز میں فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کرنے کی واردات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور تلاش کا سلسلہ شروع کردیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔