اٹک: ریت سے بھرے ڈمپر کی ٹکر، 38 سالہ موٹرسائیکل سوار جاں بحق
اٹک ریت سے بھرے ڈمپر کی ٹکر سے 38 سالہ موٹرسائیکل سوار بری طرح کچلا گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اٹک کے قریب گولڑہ موڑ، جو پاکستان کے مختلف علاقوں میں ریت کی کانوں سے ریت نکالنے کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے، کے قریب نامعلوم ریت سے بھرے ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار افتخار ولد نثار کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے پولیس کی موجودگی میں ضروری کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کردی۔
مقامی ذرائع کے مطابق گولڑہ موڑ اور گردونواح میں ریت سے بھرے ڈمپرز کی آمدورفت کے باعث حادثات کے واقعات پہلے بھی پیش آچکے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل بھی اسی نوعیت کے ایک حادثے میں موٹروے پولیس کا سب انسپکٹر ریت سے بھرے ڈمپر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ واقعے کے بعد حسن ابدال کے گاؤں تاس سے تعلق رکھنے والا مبینہ ڈمپر ڈرائیور ایک پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا۔
تازہ حادثے کے بعد شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ریت سے بھرے ڈمپرز کی تیز رفتاری، اوورلوڈنگ اور ڈرائیونگ کے معاملات کی مؤثر نگرانی کی جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جاسکے۔