ڈیرہ اسماعیل خان: موسمیات روڈ پر بیریئرز کی تنصیب کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج، خواتین کی بھی شرکت
ڈیرہ اسماعیل خان: موسمیات روڈ پر مزید بڑے بیریئرز کی تنصیب کے خلاف علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین شوبرا ہوٹل کی جانب مارچ کر رہے تھے تاہم پولیس نے انہیں موسمیات روڈ سے شوبرا ہوٹل جانے والے راستے پر روک دیا۔ پولیس کی جانب سے راستہ بند کیے جانے کے بعد مظاہرین نے وہیں دھرنا دے کر احتجاج شروع کر دیا۔
احتجاجی شرکاء کا کہنا تھا کہ موسمیات روڈ پر مزید بڑے بیریئرز نصب کرنے سے شہریوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوگی اور علاقے کے مکینوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مظاہرین نے بیریئرز کی تنصیب پر جاری کام بھی رکوا دیا اور مطالبہ کیا کہ سڑک پر مزید رکاوٹیں کھڑی کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ انہیں شوبرا ہوٹل کی جانب پرامن احتجاج کے لیے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ موسمیات روڈ، نزد کامرس ہاسٹل پہنچ کر صورت حال کا مشاہدہ کریں اور ان کا مؤقف عوام تک پہنچائیں۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک احتجاج جاری تھا، جبکہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان صورت حال پرامن رہی۔ پولیس کی جانب سے واقعے یا احتجاج کے حوالے سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔