ضم اضلاع اور سابق پاٹا میں وفاقی ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف پشاور میں گرینڈ جرگہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، گورنر فیصل کریم کنڈی، کابینہ کے اراکین، سینیٹرز، تاجر تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت

ضم اضلاع اور سابق پاٹا میں وفاقی ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف پشاور میں گرینڈ جرگہ

پشاور: وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا حکومت کے زیر اہتمام ضم شدہ اضلاع اور سابق پاٹا میں وفاقی ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف گرینڈ جرگہ

گرینڈ جرگے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی، گورنر فیصل کریم کنڈی، صوبائی کابینہ کے اراکین، سینیٹرز، سیاسی جماعتوں کی صوبائی قیادت، منتخب نمائندے، ضم اضلاع اور مالاکنڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تاجر تنظیموں کے نمائندے شریک ہیں۔

گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع میں کوئی ٹیکس نہیں لے رہی، جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں سیلز ٹیکس آن سروسز واپس لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گرینڈ جرگے کا مقصد وفاقی ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف متفقہ لائحہ عمل اور مشترکہ حکمت عملی طے کرنا ہے۔ وفاق سے بات کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی وفد تشکیل دیا جائے گا، اگر وفاقی حکومت نے ٹیکس نفاذ کا فیصلہ واپس نہ لیا تو شدید ردعمل دیا جائے گا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاسی کلچر تبدیل ہو رہا ہے، عوامی مسائل پر سب اکٹھے ہوتے ہیں۔ صوبے کے مسائل پر ساتھ دینے پر تمام سیاسی جماعتوں اور قائدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے آئینی اور معاشی حقوق کے حصول کے لیے حکومت اور اپوزیشن ایک صفحے پر ہیں۔ سابق فاٹا کے لیے وفاق کی جانب سے سو ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا گیا، وعدے پورے کیے بغیر سابق فاٹا میں ٹیکس نافذ کرنا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق اور مفاد کے ہر معاملے پر صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، تمام سیاسی قوتوں کا اتحاد خوش آئند ہے اور صوبے کے مفاد پر سیاست نہیں بلکہ اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف صوبائی ایکشن پلان بنایا گیا ہے، اس پر عملدرآمد ہو تو چار ماہ میں امن قائم ہوسکتا ہے۔ امن و امان کے حوالے سے الگ جرگہ منعقد کیا جائے گا، جبکہ خیبرپختونخوا کا مالی مقدمہ لڑنے کے لیے اسلام آباد میں بھی جرگہ منعقد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں