کوہاٹ میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے 10 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا
کوہاٹ: غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے 10 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ایس ٹی سی گراؤنڈ کوہاٹ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، عسکری و سول حکام، شہداء کے لواحقین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے موقع پر شہداء کے جسد خاکی کو پولیس کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ اس موقع پر شہداء کے بلند درجات، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی جرات، بہادری اور فرض شناسی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ خیبرپختونخوا کے عوام اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ گورنر نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے غم میں برابر کے شریک اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔