اسلامی معاشیات اور اسلامی مالیاتی نظام کے عالمی شہرت یافتہ ماہر، مفکر اور محقق ڈاکٹر محمد عمر چھاپتا انتقال کر گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کی نماز جنازہ کل فجر کی نماز کے بعد حرم شریف میں ادا کی جائے گی۔

اسلامی معاشیات کے ممتاز مفکر ڈاکٹر محمد عمر چھاپرا انتقال کر گئے

جدہ/مکہ مکرمہ: اسلامی معاشیات اور اسلامی مالیاتی نظام کے عالمی شہرت یافتہ ماہر، مفکر اور محقق ڈاکٹر محمد عمر چھاپتا انتقال کر گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کی نماز جنازہ کل فجر کی نماز کے بعد حرم شریف میں ادا کی جائے گی۔

ڈاکٹر محمد عمر چھاپتا یکم فروری 1933 کو ممبئی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے جامعہ کراچی سے معاشیات میں بیچلرز اور ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں جبکہ 1961 میں امریکہ کی یونیورسٹی آف مینیسوٹا سے پی ایچ ڈی مکمل کی۔ بعد ازاں انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے مختلف علمی اداروں اور جامعات میں تدریسی و تحقیقی خدمات انجام دیں۔

ڈاکٹر چھاپتا نے سعودی عرب کی مانیٹری اتھارٹی (SAMA) میں تقریباً 35 برس تک اقتصادی مشیر اور سینئر اقتصادی مشیر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ بعد ازاں وہ اسلامی ترقیاتی بینک (IDB) کے اسلامی تحقیق و تربیت انسٹی ٹیوٹ (IRTI) جدہ میں ریسرچ ایڈوائزر مقرر ہوئے، جہاں انہوں نے اسلامی بینکاری اور مالیاتی نظام کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

اسلامی معاشیات کے میدان میں ڈاکٹر چھاپتا کو ایک اتھارٹی کی حیثیت حاصل تھی۔ انہوں نے 15 سے زائد کتابیں اور درجنوں تحقیقی مقالات تحریر کیے۔ ان کی معروف کتاب Towards a Just Monetary System کو اسلامی مالیاتی نظریات پر ایک بنیادی اور مستند تصنیف قرار دیا جاتا ہے۔ ان کی کتب کا متعدد زبانوں میں ترجمہ ہوا اور دنیا بھر کی جامعات میں انہیں بطور نصابی مواد پڑھایا جاتا رہا۔

ڈاکٹر چھاپرا متعدد بین الاقوامی اقتصادی اور علمی تنظیموں کے رکن بھی رہے جن میں رائل اکنامک سوسائٹی لندن، امریکن اکنامک ایسوسی ایشن، سعودی اکنامک ایسوسی ایشن اور اسلامک اکنامک ایسوسی ایشن شامل ہیں۔ اسلامی معاشیات کے فروغ اور جدید مالیاتی مسائل کے اسلامی حل پیش کرنے پر انہیں عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔

ڈاکٹر محمد عمر چھاپتا کی وفات علمی، فکری اور معاشی حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دی جا رہی ہے۔ ان کی خدمات اور علمی ورثہ اسلامی معاشیات کے طلبہ، محققین اور پالیسی سازوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں