پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قاہرہ میں مصری صدر عبد الفتاح السیسی سے صدارتی محل میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر
راولپنڈی، 25 اکتوبر 2025ء:

پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری، ہلالِ جرات) نے قاہرہ میں مصری صدر عبد الفتاح السیسی سے صدارتی محل اتحادیہ میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں ممالک کی قیادت نے اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عرب جمہوریہ مصر کے مابین دیرینہ دوستی اور تعاون کے عزم کو ایک بار پھر دوہرایا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مصری قیادت کے کردار کو سراہا، جبکہ صدر السیسی نے عالمی اور مسلم امہ کے اہم معاملات میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی اسٹریٹجک مفادات کے امور پر قریبی تعاون، عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ، اور معیشت، ٹیکنالوجی و سیکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ مضبوط اقتصادی و سیکیورٹی مکالمہ پاکستان، مصر اور خطے کے امن و استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں