اسلام آباد: نیشنل پریس کلب میں بائیو میٹرک ممبرشپ سسٹم کا آغاز، شفافیت اور جدیدیت کی جانب اہم پیش رفت
اسلام آباد: نیشنل پریس کلب کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ممبران کی بائیو میٹرک ممبرشپ لسٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد ممبرشپ کے نظام کو مزید شفاف، محفوظ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سابق صدور نواز رضا، فاروق فیصل خان، افضل بٹ اور شکیل کرار، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) ک ورکرز کی صدر سعدیہ کمال ہی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل شکیل احمد مطیع اللہ جان اسٹیج پر موجود تھے، جبکہ نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
شرکاء نے بائیو میٹرک ممبرشپ سسٹم کے اجراء کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ممبرشپ کے ریکارڈ کو مزید شفاف اور محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ انتظامی امور میں بہتری لانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
تقریب کے دوران ڈیموکریٹس پینل کی جانب سے اس تاریخی اقدام کو عملی جامہ پہنانے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بائیو میٹرک نظام نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے گا بلکہ نیشنل پریس کلب کو ایک جدید اور مؤثر ادارے کے طور پر مزید مستحکم بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ بائیو میٹرک ممبرشپ سسٹم مستقبل میں صحافتی اداروں کے لیے ایک مثالی ماڈل ثابت ہوگا اور نیشنل پریس کلب میں شفافیت، احتساب اور بہتر انتظامی روایات کو فروغ ملے گا۔