مزمل اسلم کا دعویٰ: عمران خان نے شہزاد اکبر اور شہباز گل کو خود الگ کیا تھا
خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے دو اہم شخصیات کو پارٹی اور اپنے قریبی حلقے سے الگ کیا۔ ان کے مطابق عمران خان نے وزارت عظمیٰ کے دوران شہزاد اکبر کو ذمہ داریوں سے ہٹایا، جبکہ شہباز گل کی 2023 سے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ پر آمد پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
مزمل اسلم نے کہا کہ ان فیصلوں کی وجوہات متعلقہ افراد خود بہتر طور پر بیان کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اپریل 2022 میں تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے دو روز بعد عمران خان نے انہیں پارٹی کا فنانس اینڈ اکانومی ترجمان نامزد کیا تھا۔
اپنی پوسٹ میں مزمل اسلم نے بعض ناقدین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چند افراد عمران خان کے نام پر شہرت اور ویوز حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے عوام کو ان کے بیانات کو اسی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔