کراچی: کراچی پریس کلب کے نئے ارکان کے لیے ہاکس بے اسکیم میں پلاٹس کی بیلٹنگ کی تقریب کراچی پریس کلب میں منعقد ہوئی، جس میں 639 ارکان کو بیلٹنگ میں شامل کیا گیا۔
تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی، کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے اور بڑی تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ کراچی پریس کلب کے نئے ارکان کو پلاٹس کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے اور آج ایک اہم وعدہ پورا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو کے تیسرے مرحلے کے تحت ہاکس بے اسکیم کو شاہراہِ بھٹو سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ ہاکس بے کی موجودہ سڑکوں سے تجاوزات بھی ہٹائی جا رہی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔
سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ پلاٹس پر تعمیرات کے لیے آسان اقساط پر بینک قرضوں کی سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کے تمام ارکان کو پلاٹس کی فراہمی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سندھ حکومت شہر کی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے کہا کہ آج ایک بڑے وعدے کی تکمیل کا دن ہے۔ انہوں نے پلاٹس کی فراہمی میں تعاون پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر سعید غنی کا شکریہ ادا کیا۔
فاضل جمیلی نے کہا کہ پلاٹس کے معاملے پر سابق سیکریٹری رضوان بھٹی اور سابق صدر سعید سربازی کے ادوار میں بھی قابلِ ذکر کام کیا گیا۔ تمام سابقہ کوششوں کے نتیجے میں آج طویل عرصے سے زیرِ التوا وعدہ پورا ہو رہا ہے۔ انہوں نے پلاٹس حاصل کرنے والے تمام ارکان کو مبارکباد دی اور صوبائی حکومت کے تعاون کو سراہا۔
کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان نے صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کی تکمیل کے بعد کراچی پریس کلب کی تمام کونسل کے ارکان پلاٹ ہولڈرز بن جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پلاٹس کے حصول کی جدوجہد کے دوران جب بھی ناصر حسین شاہ اور سعید غنی سے ملاقات کے لیے وقت مانگا گیا، دونوں وزراء نے بھرپور تعاون کیا اور وقت فراہم کیا۔
اسلم خان نے کہا کہ کراچی پریس کلب اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ پلاٹس کی بیلٹنگ کا عمل مکمل طور پر شفاف اور قواعد و ضوابط کے مطابق انجام پائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہاکس بے پلاٹس کی بیلٹنگ میں کراچی پریس کلب کے 639 ارکان شامل ہیں۔
تقریب میں بڑی تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی، جبکہ بیلٹنگ کے موقع پر کراچی پریس کلب کے ارکان میں خوشی کا ماحول دیکھنے میں آیا۔ کلب کی انتظامیہ نے اس پیش رفت کو ارکان کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کراچی پریس کلب کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔