وزیراعظم کا جماعت اسلامی کی معاشی تجاویز پر غور اور عملدرآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان، پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی سے اب تک دو کروڑ افراد مستفید ہو چکے ہیں، شہباز شریف
اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر مزید غور اور ان پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ان پر نیک نیتی، خلوص اور برق رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن، لیاقت بلوچ اور عنایت اللہ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ گزشتہ نشستوں سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں خصوصاً خلیجی جنگ کے باعث تیل اور پٹرول کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے تناظر میں عام آدمی کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی کوششیں قابل تحسین ہیں، جماعت اسلامی کی قیادت مسلسل رابطے میں رہی اور عوام کو مزید ریلیف دینے کے لیے تجاویز پیش کرتی رہی۔وزیراعظم نے کہا کہ ایران امریکا جنگ شروع ہوتے ہی تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا تو حکومت نے فوری طور پر سبسڈی کا اعلان کیا، اس وقت مختصر مدت میں ٹارگٹڈ سبسڈی کا طریقہ کار وضع کرنا ممکن نہیں تھا، اس لیے پورے پاکستان کے لیے سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس پر صرف وفاقی حکومت نے 128 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی، بعد ازاں صوبائی حکومتیں بھی اس اقدام میں شامل ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں دوبارہ ناقابل برداشت اضافہ ہوا تو حکومت نے ایک جامع سبسڈی پروگرام تشکیل دیا جس کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے سبسڈی فراہم کی گئی، اس پروگرام سے اب تک دو کروڑ افراد مستفید ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً 10 کروڑ افراد بلواسطہ یا بلاواسطہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔وزیراعظم نے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی کی تجاویز پر مزید غور اور ان پر عملدرآمد کے لیے حکومتی ٹیم اور جماعت اسلامی کے درمیان متعدد نشستیں ہو چکی ہیں۔ اس مشاورتی عمل میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ، مشیر رانا ثناء اللہ اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک بھی شریک رہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہونے والی مشاورت میں یہ طے پایا ہے کہ معیشت کی بہتری کے لیے جماعت اسلامی کی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے اور ان پر عملدرآمد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور معیشت کی بہتری کے لیے موثر پیش رفت ممکن ہوگی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے ریلیف پیکج پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سنجیدگی اور مستقل مزاجی سے حکومت کے ساتھ مذ اکرات کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مثبت پیش رفت خوش آئند ہے۔
وفد میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، فراست شاہ اور عنایت اللہ خان شامل تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق باجوہ بھی شریک تھے۔