

پشاور پولیس کا آپریشن اسٹریٹ فائٹ تیز، مبینہ مقابلوں میں 2 خطرناک ملزمان ہلاک، ایک زخمی گرفتار
پشاور پولیس نے آپریشن اسٹریٹ فائٹ کے تحت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا، تھانہ انقلاب، تھانہ شرقی اور تھانہ شاہ پور کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 2 خطرناک ملزمان ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت سیف اللہ اور روح اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی حالت میں گرفتار راہزن ذیشان بتایا گیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔
سی سی پی او پشاور کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور شہر میں پرامن ماحول کا قیام یقینی بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔