پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور لیوی کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، پیٹرول ریلیف پیکیج میں 1000 سی سی تک گاڑیاں شامل، ساڑھے 12 ایکڑ تک کے کسانوں کو ٹریکٹر ڈیزل پر ریلیف دینے پر اتفاق
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر معاہدہ طے پا گیا ہے، پیٹرول ریلیف پیکیج میں 800 سی سی سے بڑھا کر 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کو شامل کرلیا گیا ہے جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ تک کے کسانوں کو ٹریکٹر کے ڈیزل پر ریلیف دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پرامن تحریک چلائی، ہماری اور حکومتی کمیٹیوں نے مل کر معاہدے کا ڈرافٹ تیار کیا، جس پر آج اتفاق ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے مطابق ریلیف پیکیج سے 2 کروڑ افراد مستفید ہوں گے، جن میں غریب مزدور، طلبہ اور بائیکیا والے شامل ہیں۔ گاڑیوں کے لیے ریلیف کی حد 800 سی سی سے بڑھا کر 1000 سی سی کردی گئی ہے جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں کو ٹریکٹر کے ڈیزل پر ریلیف فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی میں ونڈ فال کا اثر 80 روپے سے کم ہوکر 63 روپے تک آگیا ہے، لیوی میں مزید کمی کے معاملے پر بات ہوئی ہے اور حکومت نے آئندہ بجٹ تک اس حوالے سے ورکنگ مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا ہے کہ اگلا بجٹ پیٹرولیم لیوی پر انحصار کرکے نہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری سطح پر 1600 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہ کرنے کا فیصلہ تسلیم کرلیا ہے، جبکہ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی بھی معاہدے میں شامل ہے۔ ان معاہدوں پر نظرثانی کے نتیجے میں بجلی کے بلوں میں 25 فیصد کمی ہوئی ہے اور عوام کو 25 سے 30 روپے فی یونٹ ریلیف مل رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ معاہدے پر اتفاق کے باوجود جماعت اسلامی اپنے دیگر مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹی، معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے کمیٹیاں موجود رہیں گی اور حکومت کو اپنے اخراجات کم کرنے کے ساتھ سود کے خاتمے کی جانب بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا کہ بینکوں کے سود کے خلاف جماعت اسلامی سڑکوں پر نکلے گی، گندم پورے ملک میں مہنگی ہوتی جارہی ہے اور حکومت کی جانب سے چار مطالبات تسلیم کیے جانے کا مطلب یہ نہیں کہ جماعت اسلامی نے اپنے تمام مطالبات چھوڑ دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 29 نومبر کو مینار پاکستان پر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم لیوی کو بتدریج کم کیا جائے گا اور آئندہ بجٹ میں اسے مستقل ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ گندم، چینی اور گیس کے مسائل پر بھی جماعت اسلامی آواز اٹھائے گی جبکہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے خاتمے اور میڈیا ورکرز کو حقوق دینے کا مطالبہ بھی برقرار ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے پنجاب حکومت کو زراعت کے شعبے میں ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ کپاس کی فصل تباہ ہوچکی ہے اور گنے کی قیمت انتہائی کم ہے۔ گنا 700 روپے فی من خریدا جانا چاہیے۔
انہوں نے بلوچستان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پہلے عوام سے سب کچھ لے رہی تھی، اب اسے عوام کو ریلیف دینا پڑ رہا ہے۔
وزیراعظم سے ملاقات میں جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر لیاقت بلوچ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراست شاہ اور امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا عنایت اللہ خان شامل تھے۔